یکم جولائی سے پراپرٹی خریدنے اور فروخت کرنے والے پر ایڈوانس ٹیکس نافذ ہوگا ، جس سے پراپرٹی سیکٹر میں کاروباری لاگت بڑھنے کا امکان ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے فنانس بل میں غیر منقولہ جائیداد (پراپرٹی) کے لین دین پر ٹیکس کی نئی شرائط نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔نئے قانون کے تحت یکم جولائی سے جائیداد فروخت کرنے والے شخص سے مجموعی رقم کا 2.75 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔دوسری جانب جائیداد خریدنے والے شخص پر بھی پراپرٹی کی فیئر مارکیٹ ویلیو کا 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوگا، جس سے پراپرٹی سیکٹر میں کاروباری لاگت بڑھنے کا امکان ہے۔فنانس بل کے مطابق کارپوریٹ سیکٹر اور بینکس پر ٹیکسوں کے بوجھ میں اضافہ کر دیا گیا ہے، یکم جولائی سے بینکنگ کمپنیوں اور فرٹیلائزر(کھاد() سیکٹر کی 150 ملین ( 15 کروڑ)روپے سے زائد کی آمدن پر 10 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا۔اس کے علاوہ، دیگر تمام کارپوریٹ کمپنیوں کی 50 کروڑ روپے سے زائد آمدن پر 8 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔دوسری جانب حکومت نے ملک میں ڈیجیٹل آمدن کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس میں اہم ترمیم کر دی ہے۔فنانس بل کے مطابق یکم جولائی سے سیکشن 151 بی کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک وغیرہ ) سے حاصل ہونے والی تمام تر آمدن پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح مقرر کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق تمام مقامی مواد تخلیق کاروں پر ہوگا۔







