پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل سہیل فیروز کا تبادلہ بنوں کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کر لیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل عظیم آفریدی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ۲۰۱۷ء کے رولز کے تحت پی ڈی اے ملازمین کے تبادلے کا اختیار صرف ڈی جی پی ڈی اے کو حاصل ہے اور یہ تبادلہ اتھارٹی کے اندر ہی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے یہ غیر قانونی تبادلہ کیا جس سے افسر کی سینیارٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ہائیکورٹ نے ابتدائی دلائل کے بعد ۴ جون ۲۰۲۶ء کے تبادلے کے اعلامیے کو معطل کر دیا۔







