ملک میں آٹو فنانسنگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، حجم مئی 2026 میں 369 ارب روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ اعداد و شمار کے مطابق آٹو فنانسنگ میں سالانہ بنیاد پر 36 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 3 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق یہ سطح جون 2022 کے سابقہ ریکارڈ 368 ارب روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جو گاڑیوں کی طلب میں مسلسل بہتری کی نشاندہی کرتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شرح سود میں کمی اور صارفین کی بہتر مالی استطاعت کے باعث گاڑیوں کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مارکیٹ میں گاڑیوں کی دستیابی بہتر ہونے سے بھی آٹو فنانسنگ کو فروغ ملا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹو فنانسنگ میں یہ مسلسل اضافہ مسافر گاڑیوں کی فروخت کو مزید سہارا دے گا، خاص طور پر فنانسڈ اور مہنگی گاڑیوں کے سیگمنٹ میں طلب بڑھنے کا امکان ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق صارفین کے اعتماد میں بہتری کے باعث آٹو مارکیٹ بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہے، اور آئندہ مہینوں میں اس رجحان کے مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے







