رپورٹ : جنید خالد
پائیدار شہری ترقی کی جانب ایک انقلابی اور اپنی نوعیت کا پہلا اقدام اٹھاتے ہوئے، ماحولیاتی ماہرین، پالیسی سازوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان پشاور میں جمع ہوئے تاکہ ایک مجوزہ اربن افور سٹیشن اینڈ بایو ڈائیورسٹی اتھارٹی کے قیام پر غور کیا جا سکے۔ یہ اقدام پشاور کی کھوئی ہوئی پہچان پھولوں کا شہر واپس دلانے کی کوشش ہے۔ڈاکٹر علی جان نے کہاکہ یہ ایک تاریخی موقع تھا جس میں اہم ماہرین اور حکومت کو پہلی بار پشاور کی طویل عرصے سے نظر انداز کی گئی شہری شجرکاری کے مسئلے پر متحد کیا گیا۔ایس سی این کے نائب چیئرمین عادل ظریف نے شہری ترقی میں شجرکاری کو شامل کرنے کیلئے قانونی اور کمیونٹی پر مبنی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ مشاورتی اجلاس حیات آباد میں ایس آر ایس پی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا، جسے سسٹین ایبل کنزرویشن نیٹ ورک نے سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون سے منظم کیا۔ سیشن کی میزبانی اور رہنمائی ڈاکٹر خالد خان نے کی جو ماحولیاتی تبدیلی کے ماہر، ایس سی این کے رکن اور جی سی ایف کے شریک بانی ہیں۔ اجلاس کی صدارت مشترکہ طور پر شہزاد ارباب چیئرمین ایس سی این اور محمد عاصم خان مشیر حکومت خیبرپختونخوا برائے ترقی نے کی۔اپنے ابتدائی کلمات میں ایس آر ایس پی کے سی ای اومسعود الملک نے ادارے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایس آر ایس پی نے 35سالہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور ہم اس اقدام کی مکمل حمایت کیلئے تیار ہیں۔اجلاس میں مختلف ماہرین کی جانب سے موضوعاتی پریزنٹیشنز پیش کی گئیں۔ طارق علی نے ماحول دوست شہری ترقیاتی حکمت عملیوں پر بات کی جبکہ اظہر علی نے ماحولیاتی جائزوں اور مقامی عملی منصوبہ بندی کے ذریعے خیبرپختونخوا کے شہروں کو سرسبز بنانے کا ویژن پیش کیا۔ محترمہ نصرت نے گرین بلڈنگ ڈیزائنز، پائیدار تعمیراتی مواد، اور جگہ کے موثر استعمال کیلئے عمودی توسیع کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ گرین بلڈنگ طویل المدتی ماحولیاتی استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔اے پی پی سے عدیل سعید نے ماحولیاتی آگاہی عام کرنے اور عوام کو سبز اقدامات میں شامل کرنے میں میڈیا کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ماہرین کے ایک پینل میں محمد رفیق (عالمی شہرت یافتہ ماہر تحفظ ماحولیات و سابقہ سربراہ IUCN پاکستان)، ڈاکٹر شفیق الرحمن اور ارشد صمد شامل تھے، جنہوں نے خیبرپختونخوا میں شہری شجرکاری کو طویل المدتی ترقیاتی منصوبوں کا حصہ بنانے کیلئے قیمتی تجاویز پیش کیں۔اسٹرینتھننگ پارٹسپیٹری آرگنائزیشن (SPO) کے نمائندے فضل غفور نے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایسے ماحولیاتی منصوبوں کی کامیابی اور شفافیت کیلئے عوام کی شمولیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔شہزاد ارباب نے نشاندہی کی کہ موجودہ ترقیاتی منصوبے پہلے ہی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ٹھوس منصوبے موجود ہیں، لیکن انہیں آگے بڑھانے کیلئے حکومت کے اداروں کے اندر سے موثر رابطہ کاری اور ذمہ داری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کی زمین جیسے کم استعمال شدہ عوامی مقامات کو شجرکاری کیلئے بروئے کار لانے کی تجویز دی اور گورننس کے نظام میں بہتری پر زور دیتے ہوئے کہاکہ چونکہ خیبرپختونخوا کی اعلی قیادت دیگر اہم حکومتی امور میں مصروف ہے، اس لیے ترقی اور ماحولیاتی مسائل کو وہ توجہ نہیں مل رہی جو درکار ہے۔ لہٰذا، کمانڈ کے ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیاں ناگزیر ہو چکی ہیں۔شرکاء نے دیگر اہم مسائل پر بھی روشنی ڈالی، جیسے مناسب شہری قوانین کی عدم موجودگی، ناقص نکاسی آب کے نظام، اور ٹریفک کا بڑھتا ہوا دبا جو پبلک ٹرانسپورٹ کو متاثر کرتا ہے۔ ماہرین نے بہتر بلڈنگ کوڈز، زمین کے استعمال کے قوانین، پلاسٹک کے فضلے میں کمی، اور کھلی جگہوں کو بے ہنگم ترقی سے محفوظ رکھنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے تجویز دی کہ شجرکاری کے لیے خصوصی زون قائم کیے جائیں، خاص طور پر مقامی اور پھلدار درختوں کے ذریعے، جن کی دیکھ بھال کے لیے کم از کم تین سالہ منصوبہ وضع کیا جائے تاکہ درخت جڑ پکڑ سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحول دوست تعمیرات، پلاسٹک کے استعمال میں کمی، اور شہروں میں مثر فضلہ مینجمنٹ سسٹمز کی بھی سفارش کی گئی۔حکمرانی کے مسائل اجلاس کا ایک مرکزی موضوع رہے۔ مقررین نے مقامی و صوبائی سطح پر سرکاری اداروں کی صلاحیت بڑھانے، اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری، اور نئے نظام بنانے کے بجائے موجودہ نظام کو مثر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل المدتی حل کے لیے سب سے پہلے ماحولیاتی انحطاط کی اصل وجوہات کو سمجھنا ضروری ہے۔اجلاس کے اختتام پر، جناب محمد عاصم خان نے اس اقدام کے لیے مکمل سرکاری حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا، ایس سی این کو ایک حقیقت پسندانہ ایکشن پلان سامنے لانا چاہیے، اور میں ذاتی طور پر اس پر عملدرآمد کو یقینی بناں گا تاکہ پشاور کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنایا جا سکے۔اجلاس ایک پرامید نوٹ پر ختم ہوا، ایک مشترکہ مقصد کے ساتھ: خیبرپختونخوا کے شہروں کو سبز بنانے کا وقت آ چکا ہے۔
خیبرپختونخوا کے شہری علاقوں میں شجرکاری مہم کا آغاز







