مردان کا 1000 بستروں پر مشتمل جدید ڈی ایچ کیو ہسپتال ایک ماہ میں فعال کرنے کا فیصلہ

مردان: مشیر صحت خیبرپختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے اعلان کیا ہے کہ مردان کے نئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کو ایک ماہ کے اندر فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے 400 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔

تقریباً ایک ہزار بستروں پر مشتمل اس جدید ہسپتال میں پشاور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کے برابر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

کمشنر آفس مردان میں منعقدہ اجلاس کے دوران مشیر صحت کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال کے انتظامی بلاک، ڈاکٹروں اور نرسز کے بلاکس مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ او پی ڈی اور آئی پی ڈی بلاکس میں بجلی کی فراہمی سمیت دیگر ضروری کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں تاکہ ہسپتال کو مقررہ ایک ماہ کے اندر فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل میں فنڈز کی کمی کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

مشیر صحت نے مزید بتایا کہ مردان میں جدید کارڈیک سنٹر کے قیام کے معاملے پر وزیراعظم سے بات چیت ہو چکی ہے اور وزیراعظم کی جانب سے اس منصوبے کے لیے یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

انہوں نے مردان اور صوابی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے کمشنر مردان ڈویژن سید محمد علی شاہ کی کاوشوں اور ذاتی دلچسپی کو بھی سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed