ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا اہم میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔
کولمبو میں جاری اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
میچ کے ابتدائی 16 اوورز میں پاکستانی بولرز کوئی وکٹ نہ لے سکے اور بھارتی اوپنر روہت شرما اور شبمن گل کے درمیان 121 رنز کی پارٹنرشپ لگی۔
دونوں بھارتی اوپنرز کے درمیان قائم ہونے والی سنچری پارٹنرشپ کو اسپن بولر شاداب خان نے 16.4 اوورز میں توڑا۔
شاداب خان نے 121 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی، انہوں نے روہت شرما کو 56 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے 123 رنز پر بھارت کے دوسرے اوپنر شمبن گل کو آؤٹ کیا، وہ 58 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
جب بارش کے باعث کھیل روکا گیا تو اس وقت تک بھارت نے 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رن بنالیے۔
ویرات کوہلی 8 اور کے ایل راہول 17 رنز بنا کر کیریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بولنگ کا فیصلہ پِچ دیکھ کر کیا ہے، ہماری ٹیم بہت اچھا کھیل رہی ہے، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ پلیئرز فارم میں ہیں ہر میچ کو نیا سمجھ کر کھیلتے ہیں۔
اس موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ فرق نہیں پڑتا پہلے بیٹنگ کریں یا بولنگ ہمیں اچھا پرفارم کرنا ہے۔
روہت شرما نے مزید کہا کہ ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے، زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، ایشیا کپ کا ہر میچ ہمارے لیے اہم ہے۔
دوسری جانب آج پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے، صبح سورج نکل آیا تھا مگر کولمبو میں آج بارش کا 80 فیصد تک امکان ہے، دن کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔







