آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اسلام آباد میں لانگ مارچ روکنے کے لیے قبضے میں لیے گئے کنٹینرز کے کرائے اور واجب الادا رقم کی فوری ادائیگیاں نہ کی گئیں تو ملک بھر کی بندرگاہوں پر کام مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے چیئرمین نثار حسین جعفری نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی لانگ مارچ اور احتجاج کو روکنے کے لیے اسلام آباد میں تقریبا 1,100، پنجاب میں 1,300 جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 2,500 کے قریب گڈز کنٹینرز کو انتظامیہ نے قبضے میں لے کر کھڑا کر رکھا ہے۔حکومت کو ان کنٹینرز کے روزانہ کے کرائے کی مد میں 4 کروڑ 65 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں، تاہم تاحال ٹرانسپورٹرز کو کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔گڈز ٹرانسپورٹرز نے واضح کیا ہے کہ ادائیگیاں نہ ہونے کی صورت میں پورٹس پر سامان کی آمدورفت روک دی جائے گی، جس سے ملک کی درآمدات اور برآمدات شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔







