ایبٹ آباد میں ہندکو افسانوی مجموعے سنبل کی تقریب رونمائی

بزمِ علم و فن پاکستان ہزارہ شاخ کے زیرِ اہتمام ماڈرن ایج گرلز کیمپس ایبٹ آباد میں ہندکو زبان کے افسانوی مجموعے سنبل کی تقریب رونمائی و پذیرائی منعقد ہوئی، جس کی صدارت ممتاز شاعر جان عالم نے کی۔ہزارہ یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے چیئرمین ڈاکٹر الطاف یوسفزئی مہمانِ خصوصی تھے جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عامر سہیل نے نہایت عمدگی، شائستگی اور ادبی ذوق کے ساتھ انجام دیئے۔ مقررین نے سنبل کے مختلف افسانوں، اسلوب، موضوعات اور فنی و فکری جہات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مصنفہ ڈاکٹر رابعہ شاہ کی تخلیقی کاوش کو سراہا اور کتاب کو ہندکو افسانے کے حوالے سے ایک قابلِ توجہ ادبی پیش رفت قرار دیا۔ ڈاکٹر عامر سہیل نے کتاب کی املا کو موضوع بناتے ہوئے اسے اردو کے قریب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کتاب سے ہندکو زبان میں لکھنے کی رہنمائی ملے گی ۔مہمان خصوصی ڈاکٹر الطاف یوسفزئی نے کتاب کے حوالے سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسی کتب کو نصاب میں شامل کرنا چاہیے تاکہ طلبہ کو رہنمائی مل سکے،صدر مجلس جان عالم نے ہزارہ میں علم و ادب کے فروغ،نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی پر بزم علم و فن اور بالخصوص واحد سراج کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بزم نئے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جس سے نئے لکھنے والوں کو اعتماد ملتا ہے۔مقالہ نگاروں ڈاکٹر شبیر احمد آکاش اور ڈاکٹر راحیلہ خورشید نے اپنے مقالوں کے ذریعے کتاب کے مختلف فنی و فکری پہلو اجاگر کیے۔ڈاکٹر رابعہ شاہ نے اپنی گفتگو میں بزم علم و فن کی ادبی خدمات کو ادبا اور شعرا کے لیے امید کی کرن قرار دیتے ہوئے واحد سراج کو مبارکباد پیش کی اور مقالہ نگاروں کی عمدہ کاوش کو سراہا ۔تقریب کے اختتام پر صدرِ بزمِ علم و فن پاکستان واحد سراج نے سنبل کو ہندکو افسانے کے فروغ کی ایک اہم ادبی کاوش قرار دیتے ہوئے مصنفہ، مہمانِ خصوصی، صدرِ محفل، مقالہ نگاروں اور نظامت کے فرائض بہترین انداز میں انجام دینے پر ڈاکٹر عامر سہیل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں افسانہ نگار خواتین کو آگے آنا چاہیے،بزم علم و فن انکی معاونت اور رہنمائی کے لیے موجود ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed