کوہاٹ تعلیمی بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کا معاملہ سامنے آنے پر کنٹرولر بورڈ کو معطل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے امتحانی امور اور متعلقہ ریکارڈ میں مبینہ بے قاعدگیوں کی شکایات موصول ہونے کے بعد معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے دوران متعدد معاملات میں قواعد کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ 42طلبہ کی جوابی کاپیوں میں مبینہ طور پر رد و بدل کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر بورڈ کے کنٹرولر کو عہدے سے معطل کردیا گیا ہے، جبکہ تحقیقات کا دائرہ دیگر متعلقہ افسران اور اہلکاروں تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔تحقیقات کے دوران مبینہ طور پر ملوث دیگر افسران اور اہلکاروں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جن کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تعلیمی حلقوں کے مطابق امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کے لیے جوابی کاپیوں اور امتحانی ریکارڈ میں کسی بھی قسم کی مبینہ مداخلت اہم معاملہ ہے۔ان کا مطالبہ ہے کہ تحقیقات شفاف انداز میں مکمل کی جائیں اور کسی افسر یا اہلکار کی ذمہ داری ثابت ہونے کی صورت میں قانون اور قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے۔دوسری جانب متاثرہ طلبہ اور ان کے والدین میں بھی تشویش پائی جاتی ہے، کیونکہ امتحانی ریکارڈ میں کسی بھی مبینہ بے ضابطگی کے اثرات طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر پڑ سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکام معاملے کے مختلف پہلوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور مزید ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی متوقع ہے۔واضح رہے کہ کوہاٹ تعلیمی بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے دوران 42 طلبہ کی جوابی کاپیوں میں مبینہ رد و بدل کا معاملہ سامنے آیا۔ابتدائی تحقیقات کے بعد کنٹرولر بورڈ کو معطل کردیا گیا جبکہ دیگر مبینہ طور پر ملوث افسران اور اہلکاروں کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔







