ملائیشیا میں جاری 32ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2026 میں پاکستان ہاکی ٹیم تیسری پوزیشن کا میچ ہار گئی، جنوبی کوریا نے قومی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔
ہفتے کو تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے مقابلے کے ابتدائی دو کوارٹرز میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔ تاہم تیسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35ویں منٹ میں پہلا گول کرکے برتری حاصل کرلی۔
کورین ٹیم نے 44ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کرکے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی، جبکہ چوتھے کوارٹر کے آغاز پر 47ویں منٹ میں تیسرا گول بھی داغ دیا، جس کے بعد پاکستان کے لیے میچ میں واپسی مشکل ہوگئی۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے خسارہ کم کرنے کے لیے متعدد کوششیں کیں، تاہم قومی ٹیم کوئی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور مقابلہ صفر کے مقابلے میں تین گول سے جنوبی کوریا کے نام رہا۔
اس شکست کے بعد پاکستان نے ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لیگ مرحلے کے دوران پاکستان نے جنوبی کوریا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔
سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان نے مجموعی طور پر پانچ میچز کھیلے، جن میں دو میں کامیابی حاصل کی، دو میں شکست ہوئی جبکہ ایک مقابلہ برابر رہا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چھ ٹیموں نے شرکت کی۔ ایونٹ کا فائنل ہفتے کو آسٹریلیا اور میزبان ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔







