نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں بھارتی وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پانت کے غیر ضروری جارحانہ شاٹ پر سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر کا ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے 356 رنز کے جواب میں مشکلات کا شکار تھی۔ اس صورتحال میں رشبھ پانت سے ایک بڑی اننگز کی توقع کی جارہی تھی تاکہ وہ ٹیم کو مشکلات سے نکالنے میں مدد دے سکیں۔
تاہم بھارتی بیٹر نے وکٹ پر قیام برقرار رکھنے کے بجائے جارحانہ انداز اختیار کیا اور بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
پانت نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر جیکب ڈفی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، تاہم گیند ہوا میں بلند ہوگئی اور فیلڈر نے آسانی سے کیچ تھام لیا۔
ان کے اس انداز میں آؤٹ ہونے پر کمنٹری باکس میں موجود سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر خاصے مایوس دکھائی دیے۔ ان کے ردعمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کی جانب سے بھی گواسکر کے ردعمل اور رشبھ پانت کے غیر ضروری جارحانہ شاٹ پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔







