شمالی وزیرستان: پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جبکہ مستحق خاندانوں میں راشن پیکجز بھی تقسیم کیے گئے۔
میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے علاقہ مکینوں کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں تاکہ مقامی آبادی کو طبی سہولیات میسر آسکیں۔
اس کے علاوہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقوں حیدرخیل اور مسکی میں مستحق خاندانوں کی امداد کے لیے راشن تقسیم کیا گیا۔
حیدرخیل گاؤں میں 70 سے زائد مستحق خاندانوں کو راشن پیکجز فراہم کیے گئے، جبکہ مسکی گاؤں میں بھی 60 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔
اس طرح دونوں علاقوں میں مجموعی طور پر 130 سے زائد خاندانوں کو راشن پیکجز فراہم کیے گئے۔
شمالی وزیرستان کے عوام نے پاک فوج کی جانب سے طبی سہولیات کی فراہمی اور مستحق خاندانوں کی امداد کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔
پاک فوج خیبرپختونخوا میں قیام امن کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود اور سماجی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہی ہے۔







