پیپلز پارٹی کا 30 نومبر کو ملک بھر میں یومِ تاسیس منانے کا اعلان

 

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی نے 30 نومبر کو اپنا یومِ تاسیس ملک بھر کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر جلسوں کے انعقاد کے ذریعے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایون خان نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ملک کے 173 اضلاع میں یومِ تاسیس کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں تمام ضلعی تنظیموں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

محمد ہمایون خان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 30 نومبر کو شام 4 بجے ویڈیو لنک کے ذریعے ملک بھر میں منعقد ہونے والے جلسوں سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی کہ جلسوں کے مقامات پر ایس ایم ڈی اسکرینز، ساؤنڈ سسٹم اور تیز رفتار انٹرنیٹ سمیت تمام ضروری تکنیکی سہولیات کا انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ پارٹی چیئرمین کا خطاب بیک وقت تمام اضلاع میں براہِ راست دکھایا اور سنایا جاسکے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے ضلعی عہدیداران پر زور دیا کہ یومِ تاسیس کی تقریبات منظم انداز میں منعقد کی جائیں اور ان کے ذریعے پاکستان پیپلز پارٹی کی پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سیاسی و جمہوری جدوجہد، قربانیوں، نظریاتی وابستگی اور عوامی خدمات کو اجاگر کیا جائے۔

محمد ہمایون خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ عوامی حقوق کے تحفظ، جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی اور وفاق پاکستان کے استحکام کے لیے جدوجہد اور قربانیوں سے جڑی ہوئی ہے۔

ان کے مطابق یومِ تاسیس کے اجتماعات میں پارٹی کے قیام سے لے کر اب تک کے سیاسی سفر اور تاریخی جدوجہد کو نئی نسل تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر کے 173 اضلاع میں تقریبات کا انعقاد بھرپور انداز میں کیا جائے گا تاکہ پارٹی کے نظریے، منشور اور جمہوری جدوجہد کے تسلسل کو نمایاں کیا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed