پشاور میں 6 نومبر 2026 کو تھانہ حیات آباد کی حدود نادرا آفس فیز 5 کے قریب قتل ہونے والے نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر فہد ولد شاہ روم سکنہ کافور ڈھیری کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور پولیس نے واردات میں ملوث ملزمان کی شناخت مکمل کر لی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی پی او پشاور کی براہِ راست نگرانی میں ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ جامع تفتیش کے لیے ہیومن انٹیلیجنس، آئی ٹی بیسڈ انویسٹی گیشن، سی ڈی آر تجزیہ، جیو فینسنگ، جیو ٹیگنگ، ڈیجیٹل شواہد، گواہان کے بیانات اور مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے، جس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کا تقریباً 70 سال پرانا خاندانی جائیداد اور زمین کا تنازعہ چلا آ رہا ہے جس کے باعث ماضی میں بھی کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں، اور تفتیشی ٹیمیں اس پہلو سمیت قتل کے تمام محرکات اور ممکنہ روابط کا جائزہ لے رہی ہیں۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے کافور ڈھیری، ریگی کے مختلف دیہات اور ملحقہ علاقوں میں وسیع پیمانے پر سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے ہیں، جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کر کے مشکوک افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے ممکنہ ٹھکانوں اور فرار کے راستوں کا تعین کر کے تفتیش کا دائرہ کار دیگر اضلاع اور صوبوں تک بھی پھیلا دیا گیا ہے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔







