چارسدہ: تھانہ نستہ کی حدود میں آئی سی ایم ایس کالج کے طلباء کی بس پر فائرنگ کے واقعے میں ڈرائیور اور ایک طالب علم زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او چارسدہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دے دی۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ رفعت اللہ خان نے ڈی ایس پی سرڈھیری بلال حلیم خان کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے، جس میں ایس ایچ او تھانہ نستہ خان زیب خان اور دیگر پولیس افسران شامل ہیں۔
ڈی پی او نے ٹیم کو واقعے میں نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔
مدعی مقدمہ اور بس ڈرائیور علی رضا کے بیان کے مطابق وہ آئی سی ایم ایس کالج کے طلباء کو سیر و تفریح کے لیے مری لے کر گئے تھے، جہاں طلباء کے درمیان معمولی تکرار ہوئی۔
مدعی کے مطابق واپسی پر تھانہ نستہ کی حدود میں عباس اور سہیل نامی افراد نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی کو روکا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور علی رضا اور طالب علم فیضان زخمی ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
چارسدہ پولیس کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔







