اسپین: جزائر کینری کے قریب تارکین وطن سے بھری کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ کشتی میں تقریباً 100 افراد سوار تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہسپانوی خبر رساں ایجنسی ای ایف ای نے بتایا کہ حادثے کے بعد 14 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
اسپین کی میری ٹائم ریسکیو سروس کے مطابق ابتدائی طور پر کشتی سے 8 سے 10 لاشیں ملنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جبکہ 6 افراد کو تشویشناک حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی کشتی جزیرہ ایل ہیرو سے 39 ناٹیکل میل، یعنی تقریباً 72 کلومیٹر جنوب میں پائی گئی، جسے بعدازاں لا ایسٹاکا کی بندرگاہ منتقل کیا جا رہا تھا۔
دوسری جانب اسی جزیرے کی بندرگاہ لا ریسٹنگا پر ایک اور کشتی سے 84 زندہ بچ جانے والے تارکین وطن کو اتارا گیا۔ بندرگاہ پر تارکین وطن کی آمد کے بعد ان کی ابتدائی طبی امداد اور ضروری کارروائیوں کے لیے استقبالیہ مرکز اور عارضی اسپتال بھی قائم ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسپین کے جزائر کینری میں تارکین وطن کی آمد میں اکتوبر سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ 25 نومبر کو ایک ہی روز تقریباً 2 ہزار 100 افراد جزائر کینری پہنچے، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
ان تارکین وطن کی بڑی تعداد جزیرے ایل ہیرو پہنچی، جس کی آبادی تقریباً 11 ہزار 400 افراد پر مشتمل ہے۔
جزائر کینری کے علاقائی سربراہ فرنینڈو کلاویخو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کشتی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کے بعد ایک مرتبہ پھر شدید دکھ اور بے بسی محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے اسپین کی حکومت اور یورپی کمیشن پر زور دیا کہ انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
فرنینڈو کلاویخو کا کہنا تھا کہ یہ انسانی بحران صرف ایل ہیرو کے ساحل سے شروع نہیں ہوتا بلکہ اس کی جڑیں سینیگال اور گیمبیا کے ساحلی علاقوں تک پھیلی ہوئی ہیں، جہاں اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ یہ حادثہ اسپین میں عام انتخابات سے ایک روز قبل پیش آیا، جہاں امیگریشن انتخابی مہم کا اہم موضوع بن چکی ہے۔
وزیراعظم پیڈرو سانچیز یورپ کے ان رہنماؤں میں شامل ہیں جو ملکی معیشت میں تارکین وطن کے کردار اور ان کے فوائد کی حمایت کرتے ہیں، جبکہ رائے عامہ کے جائزوں میں آگے دائیں بازو کی جماعتیں امیگریشن سے متعلق مزید سخت پابندیوں کا مطالبہ کر رہی ہیں۔







