(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے خلائی اسٹیشن تیان گونگ میں موجود پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر رابطہ کیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ہفتے کے روز پاکستانی خلا باز سے گفتگو کی۔ یہ رابطہ ذیشان علی کے خلا میں پہنچنے کے تین روز بعد ہوا۔ تاہم پاکستانی قیادت اور خلا باز کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
محمد ذیشان علی شین ژو 24 مشن کے تحت چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔ وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔
پاکستانی خلا باز کا تاریخی خلائی مشن
ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ خلائی جہاز نے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر پرواز کی تھی۔
اس مشن میں ان کے ساتھ چین کے دو خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی شامل ہیں۔ خلائی جہاز تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچا، جہاں تینوں خلا باز پہلے سے موجود عملے کا حصہ بن گئے۔
40 سالہ محمد ذیشان علی پاکستان ایئر فورس کے فائٹر پائلٹ ہیں۔ انہوں نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی، جس میں ہنگامی حالات سے نمٹنے، بقا کی مشقوں اور خلا کے ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کی تربیت شامل تھی۔
خلائی سفر پر روانگی سے قبل ذیشان علی نے کہا تھا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اپنے ساتھ لے کر جارہے ہیں۔ انہوں نے اس مشن کو پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع قرار دیا تھا۔
اس مشن کے دوران وہ پاکستان اور چین کے مشترکہ خلائی پروگرام کے تحت مختلف سائنسی تجربات میں بھی حصہ لیں گے۔
پاکستان اور چین کا خلائی تعاون
پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025 میں خلا بازوں کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کے انتخاب اور انہیں چین کے خلائی اسٹیشن پر بھیجنے کے لیے پیشرفت ہوئی۔
اس سلسلے میں محمد ذیشان علی اور پاک فضائیہ کے ایک اور پائلٹ خرم داؤد کو بیجنگ میں چین کے خلائی تحقیق اور تربیتی مرکز میں خصوصی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
مشن کی کامیاب روانگی کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی تھی، جبکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے بھی اس کامیابی کو سراہا تھا۔
جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کے دوران چینی قیادت اور عوام کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔
پاکستان کی عسکری قیادت نے بھی اس مشن کو سائنسی اور تکنیکی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے پاکستان اور چین کی دوستی زمینی سرحدوں سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ گئی ہے۔







