ڈی پی او دیر بالا کا براول میں پولیس دربار، مسائل حل کرنے کی ہدایات

 

دیر بالا: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز خان کی زیرِ صدارت سرکل براول میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔

پولیس دربار کا انعقاد انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا۔

اجلاس میں ایس ڈی پی او سرکل دیر مشرف خان، سرکل کے ایس ایچ اوز، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس کے اہلکاروں اور دیگر پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے تبادلوں، ترقیوں، ویلفیئر، میڈیکل بلز اور پروموشن کورسز سمیت مختلف معاملات سے متعلق اپنے مسائل اور تجاویز ڈی پی او کے سامنے رکھیں۔

ڈی پی او اسلم نواز خان نے اہلکاروں کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ دیر بالا پولیس نے امن و امان کے قیام اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ پولیس جوانوں اور شہدائے پولیس کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ڈی پی او نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ منشیات اور کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے سیاحوں کی مناسب رہنمائی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

ٹریفک پولیس کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ ”پہلے سلام، پھر کلام” کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرے۔

اسلم نواز خان نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے دیر بالا پولیس کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ پولیس اہلکار بلند حوصلے کے ساتھ امن کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور انہیں اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام پولیس اہلکاروں کو اپنے بچوں کی طرح سمجھتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود، تحفظ اور حوصلہ افزائی کو اپنی ذمہ داری تصور کرتے ہیں۔

موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پولیس افسران اور جوانوں کو دوران ڈیوٹی مکمل چوکسی، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ طرز عمل برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

پولیس دربار کے اختتام پر شرکا کے لیے کھانے کا اہتمام کیا گیا، جبکہ ملکی سلامتی، امن و امان اور شہدائے پولیس کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed