راولپنڈی میں سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) کے احکامات پر اختیارات سے تجاوز اور تاوان وصولی میں ملوث پولیس افسران کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس نے منشیات اسمگلروں کو مبینہ طور پر اغوا کر کے نجی ڈیرے پر حبس بے جا میں رکھنے اور تاوان وصول کرنے کے الزام میں تھانہ صدر واہ کے ایس ایچ او سجاد احمد اور سب انسپکٹر نبیل احمد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع اور درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ملزم افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے منشیات اسمگلروں کو حراست میں لے کر ایک ڈیرے پر رکھا اور رہائی کے بدلے 40 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، جس میں سے 20 لاکھ روپے وصول بھی کر لیے گئے تھے۔
ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ اس معاملے میں الیکٹرانک مالیاتی ٹرانزیکشنز اور ویڈیو شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار سب انسپکٹر نبیل احمد نے اعتراف کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ وصول کی گئی رقم میں سے 10 لاکھ روپے ایس ایچ او سجاد احمد کو دیے گئے تھے۔ سی پی او راولپنڈی کے اقدام کے بعد دونوں افسران کو حراست میں لے کر واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔







