واٹس ایپ نے بیرون ملک سفر کرنے والے صارفین کی سہولت کے لیے ٹریول ای سم (Travel eSIM) کے نام سے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ایپ کے اندر ہی موبائل ڈیٹا پلان خرید اور انسٹال کرسکیں گے۔
اس فیچر کی آزمائش گزشتہ دنوں شروع کی گئی تھی، جس کے بعد اب اسے باضابطہ طور پر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹریول ای سم کی مدد سے صارفین کو بیرون ملک سفر کے دوران انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے کسی دوسری ایپ یا سروس پر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ انہیں فزیکل سم کارڈ تبدیل کرنے کی بھی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ بیرون ملک پہنچنے کے بعد مقامی موبائل نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے باوجود صارفین کا موجودہ واٹس ایپ نمبر برقرار رہے گا۔
اس سہولت سے مسافروں کو ایئرپورٹس پر مقامی سم کارڈ تلاش کرنے، مفت وائی فائی کی دستیابی کا انتظار کرنے اور مہنگے بین الاقوامی رومنگ چارجز سے بچنے میں مدد مل سکے گی۔
واٹس ایپ ابتدائی مرحلے میں یہ فیچر مخصوص ممالک میں متعارف کرائے گا، تاہم کمپنی نے ابھی تک ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے جہاں یہ سہولت دستیاب ہوگی۔
میٹا نے اس سروس کی فراہمی کے لیے مختلف ای سم فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ٹیلی کام اداروں کے ساتھ شراکت داری بھی کی ہے۔
کمپنی کی جانب سے فیچر کے طریقہ کار کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں، تاہم ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق صارفین کے متعلقہ خطے میں دستیابی کی صورت میں یہ سہولت واٹس ایپ کے اکاؤنٹ سیکشن میں دکھائی دے سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ٹریول ای سم استعمال کرنے کے لیے ضروری ہوگا کہ صارف کا اسمارٹ فون ای سم ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرتا ہو۔ جن موبائل فونز میں یہ سہولت موجود نہیں، ان پر نیا فیچر کام نہیں کرسکے گا۔







