صوبائی دارالحکومت پشاور میں سموگ بڑھنے لگا، فضائی آلودگی کی شرح میں مسلسل اضافے کے باعث شہر کی فضا مزید آلودہ ہوگئی ہے، جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 261 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا جاتا ہے۔فضائی آلودگی کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق پشاور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح میں نمایاں فرق دیکھا گیا، تاہم بعض مقامات پر صورتحال خاصی تشویش ناک ہے۔اعدادوشمار کے مطابق اباسین یونیورسٹی کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ کر 947 ریکارڈ کیا گیا، جو شہر کے دیگر رپورٹ شدہ علاقوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔اسی طرح اشرفیہ کالونی میں اے کیو آئی 486 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ حیات آباد میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 221 رہا۔ اربن پالیسی یونٹ کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 213 ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی طور پر شہر کا اے کیو آئی 261 ہونے کے باعث فضائی معیار انتہائی مضرِ صحت سطح پر برقرار ہے۔پشاور میں سموگ بڑھنے لگا، جس کی وجہ سے شہریوں کو صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جانے لگا ہے۔







