خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں گڈ گورننس، عوامی سہولیات کی بہتری اور انتظامی امور کو مؤثر بنانے کیلئے سول ایڈمنسٹریشن، پبلک سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس رولز 2026ء نافذ کردیے ہیں، جن کے تحت عوامی مقامات پر تھوکنے اور کچرا پھینکنے سمیت غیر قانونی پارکنگ اور بغیر اجازت جلسے جلوس منعقد کرنے پر بھاری جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔نئے قواعد کے مطابق عوامی مقامات پر تھوکنے اور گندگی پھیلانے پر 2 ہزار روپے، کچرا پھینکنے پر 10 ہزار روپے جبکہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو 20 ہزار روپے تک جرمانہ ہوسکے گا۔نئے قواعد کے تحت خیبرپختونخوا میں بغیر اجازت عوامی جلسہ یا جلوس منعقد کرنے پر 3 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔عوامی جلسے یا جلوس کے انعقاد کے لیے کم از کم 9 دن پہلے تحریری درخواست دینا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر درخواست موصول ہونے کے بعد 5 دن کے اندر اجازت دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔حکومت کی جانب سے عوامی مقامات پر صفائی برقرار رکھنے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے مختلف جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔عوامی مقامات پر تھوکنے اور گندگی پھیلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر 10 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔غیر قانونی پارکنگ اور سڑکوں پر رکاوٹ ڈالنے پر 3 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو 20 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔سول ایڈمنسٹریشن، پبلک سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس رولز 2026 کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو عوامی سہولیات، امن و امان اور ریونیو امور کی نگرانی کے وسیع اختیارات دیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنرز عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے شکایت مینجمنٹ سیل قائم کرنے، ماہانہ رپورٹنگ کا نظام برقرار رکھنے اور باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کے پابند ہوں گے۔نئے قواعد کے تحت سرکاری املاک کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، جبکہ فیلڈ افسران کی کارکردگی کا جائزہ چیف سیکرٹری آفس اور پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (PMRU) لے گا۔حکومتی اقدامات کا مقصد انتظامی نظام میں بہتری، عوامی شکایات کا بروقت ازالہ، صفائی کی صورتحال بہتر بنانا اور سرکاری افسران کی کارکردگی کو مثر انداز میں مانیٹر کرنا ہے۔







