کالج آف ہوم اکنامکس یونیورسٹی آف پشاور کی ریلیجس اینڈ نیشنل افیئرز سوسائٹی کے زیر اہتمام طالبات میں دینی شعور، قومی جذبے، حب الوطنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی نغموں، حسنِ قرأت اور تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔تقریب کی مہمان خصوصی فیکلٹی آف منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سائنسز کی دین اور قائمقام پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر کنیز فاطمہ حیدر تھیں جبکہ مقابلوں کی جانچ اور پوزیشنوں کے تعین کے لیے ڈاکٹر مسرت طارق، ڈاکٹر نیلم مختار اور ڈاکٹر ذہین انجم پر مشتمل پینل نے ججز کے فرائض انجام دیے۔ تقریب کے انتظامی امور شہلا جاوید اور ڈاکٹر حورالعین نے سرانجام دیے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حسنِ قرأت کے مقابلے میں طالبات نے خوش الحانی اور بہترین انداز میں تلاوت پیش کی۔ قومی نغموں کے مقابلے میں طالبات نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ قومی نغمے پیش کرکے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبات کا اظہار کیا جبکہ تقریری مقابلے میں مختلف موضوعات پر اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے علمی، فکری اور اظہارِ خیال کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر کنیز فاطمہ حیدر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس طرح کی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد طالبات کی ذہنی، فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے نہایت اہم ہے۔ قومی نغموں، حسنِ قرأت اور تقریری مقابلوں کے ذریعے طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، خود اعتمادی میں اضافے اور قومی و دینی اقدار سے وابستگی مضبوط بنانے کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف کتابی علم حاصل کرنا نہیں بلکہ ایسی باصلاحیت، خوداعتماد اور ذمہ دار نسل تیار کرنا بھی ہے جو معاشرے اور ملک کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرسکے۔ طالبات کو چاہیے کہ وہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی مقابلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ان کی پوشیدہ صلاحیتیں نکھر سکیں اور انہیں عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں۔ڈاکٹر کنیز فاطمہ حیدر نے تقریب کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کالج آف ہوم اکنامکس کی جانب سے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد قابلِ تحسین ہے جو طالبات میں مثبت سوچ، قومی تشخص، دینی شعور اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔







