دنیا کے امیر ترین شخص اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے امریکا کے ہر بچے کو اپنی کمپنی کے دو شیئرز تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس بھیجنے کی امریکی منظوری ملنے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایلون مسک نے بتایا کہ ہر بچے کو دو شیئرز فراہم کیے جائیں گے۔ ان میں سے ایک شیئر اسپیس ایکس کی جانب سے ہوگا، جبکہ دوسرا وہ اپنی ذاتی حیثیت میں دیں گے۔
ان کے مطابق کمپنی کی جانب سے دیے جانے والے شیئرز اگلے ماہ بچوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کردیے جائیں گے، جبکہ ان کی ذاتی طرف سے عطیہ کیے جانے والے حصص آئندہ سال جون میں منتقل ہوں گے۔ یہ منتقلی ان کے اپنے شیئرز کی فروخت پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد ممکن ہوگی۔
اس سے قبل اسپیس ایکس نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہر فعال ٹرمپ اکاؤنٹ میں اپنے کلاس اے کامن اسٹاک کا ایک شیئر شامل کرے گی۔ ایلون مسک بھی اپنی جانب سے ایک اضافی شیئر فراہم کریں گے۔
ٹرمپ اکاؤنٹ امریکی حکومت کا ایک پروگرام ہے، جس کا مقصد 18 سال سے کم عمر بچوں کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور مالیاتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اکتوبر تک اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 کروڑ اکاؤنٹس کھولے جاچکے تھے۔
اسپیس ایکس کے ایک شیئر کی قیمت بدھ کے روز کاروبار کے اختتام پر 127.44 ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس قیمت کے حساب سے بچوں کو فراہم کیے جانے والے دو شیئرز کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔
دوسری جانب ایلون مسک اسپیس ایکس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی اپنی سرگرمیاں بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ تاہم خلا میں ڈیٹا سینٹرز اور کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کے قیام کے ماحولیاتی اثرات اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے معاشی و سیاسی اثر و رسوخ کے حوالے سے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔







