میسی اور رونالڈو ایک ہی ٹیم میں کھیل سکتے ہیں

 

ارجنٹائن: فٹبال کی دنیا کے دو بڑے ستاروں لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے پہلی مرتبہ ایک ہی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

ارجنٹائن کے سابق اسٹار فٹبالر کارلوس تیویز کے الوداعی میچ میں لیونل میسی کی شرکت کی تصدیق کردی گئی ہے، جبکہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو بھی اس نمائشی مقابلے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ میچ 20 دسمبر کو ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے معروف لا بومبونیرا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مقابلے کو ’’اپاچیز لاسٹ ڈانس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

42 سالہ کارلوس تیویز نے 2022 میں اپنے آبائی کلب بوکا جونیئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تیویز ارجنٹائن کی قومی ٹیم میں لیونل میسی کے ساتھ کھیل چکے ہیں، جبکہ انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ بھی کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی کی شرکت یقینی ہوچکی ہے، تاہم سعودی کلب النصر کی مصروفیات کے باعث رونالڈو کی شرکت کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

اگر رونالڈو نے دعوت قبول کرلی تو فٹبال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دونوں سپر اسٹارز ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کرتے دکھائی دیں گے۔ دونوں کھلاڑی کئی برسوں سے فٹبال کے میدانوں میں ایک دوسرے کے بڑے حریف رہے ہیں۔

نمائشی میچ میں اٹلی کے سابق گول کیپر جان لوئیجی بوفون، خوان رومان ریکلمے، ریو فرڈینینڈ، سرخیو آگوئرو، مارٹن پالرمو اور گیبریل باتیستوتا سمیت دیگر معروف فٹبالرز بھی شرکت کریں گے۔

مقابلے میں دونوں ٹیموں کی کوچنگ روبرٹو مانچینی اور کارلوس بیانکی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed