واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیدائشی شہریت محدود کرنے کے معاملے پر ایک اور بڑا قانونی دھچکا لگا ہے، جہاں واشنگٹن ڈی سی کی ایک وفاقی عدالت نے ان کے نئے صدارتی حکم نامے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔ اس سے قبل رواں برس ستمبر میں ریاست میری لینڈ کی وفاقی عدالت بھی اسی حکم نامے کو معطل کر چکی ہے، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو اس معاملے میں دوسری مرتبہ عدالتی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اب اس حکم نامے کو نافذ کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو دونوں عدالتی فیصلے کالعدم کرانے ہوں گے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کے وفاقی جج کرسٹوفر کوپر نے بدھ کے روز ان متاثرہ بچوں کی جانب سے دائر اجتماعی مقدمے پر فیصلہ سنایا، جنہیں اس صدارتی حکم نامے کے تحت امریکی شہریت سے محروم کیے جانے کا خدشہ تھا۔ جج کوپر نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اور سوشل سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کو مقدمے میں شامل بچوں کے خلاف حکم نامے پر عمل درآمد سے روک دیا۔
اپنے تحریری فیصلے میں جج کرسٹوفر کوپر نے قرار دیا کہ اس کیس میں قانونی پوزیشن بالکل واضح ہے کیونکہ امریکی سپریم کورٹ دو مرتبہ تصدیق کر چکی ہے کہ امریکا میں پیدا ہونے والا ہر بچہ امریکی شہری تصور ہوگا، سوائے ان چند مخصوص صورتوں کے جن پر امریکی قوانین لاگو نہیں ہوتے۔ انہوں نے 1898 کے تاریخی ’وونگ کم آرک‘ مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ والدین کی امیگریشن حیثیت سے قطع نظر امریکا میں جنم لینے والے بچوں کو آئین کی 14ویں ترمیم (1868) کے تحت پیدائشی شہریت کا حق حاصل ہے اور صدر اس میں نئی استثنا شامل نہیں کر سکتے۔
مقدمے میں بچوں کی نمائندگی کرنے والے امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کے وکیل کوڈی ووفسی نے کہا کہ سپریم کورٹ 1898 اور رواں سال جون میں بھی پیدائشی شہریت محدود کرنے کی کوششیں مسترد کر چکی ہے، اس لیے صدر ٹرمپ کو اسے نافذ العمل قانون تسلیم کرنا چاہیے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے سابق صدر براک اوباما کے مقرر کردہ جج کی جانب سے ٹرمپ کے ایجنڈے کو روکنے کی ایک اور کوشش قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ صدارتی حکم نامہ سپریم کورٹ کی تشریحات کے عین مطابق ہے۔
اس تنازع کا آغاز گزشتہ برس جنوری میں ہوا تھا جب صدر ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت کے آغاز پر غیر قانونی یا عارضی ویزے پر مقیم والدین کے ہاں امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کی شہریت ختم کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔ نیوجرسی کی قیادت میں 18 ریاستوں اور واشنگٹن سمیت 4 دیگر ریاستوں کے مقدمات پر واشنگٹن کی عدالت نے جنوری 2025 میں اس پر عارضی پابندی لگائی، جبکہ رواں برس جون میں امریکی سپریم کورٹ نے بھی اسے آئین کی 14ویں ترمیم کے منافی قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ نے 6 اگست کو ایک نیا حکم نامہ جاری کیا جس میں ’برتھ ٹورازم‘ یعنی محض شہریت کے حصول کے لیے امریکا آ کر بچے کو جنم دینے والی خواتین، سفارتی استثنا کے بغیر غیر ملکی اداروں یا حکومتوں کے لیے کام کرنے والے والدین، اور امریکی قانون کے تحت ’دشمن ملک کے شہری‘ قرار دیے گئے والدین کے بچوں کی پیدائشی شہریت محدود کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔







