اسلام آباد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل سہ فریقی مکہ دفاعی اتحاد کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم کا دو روزہ اجلاس آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جس میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری کشیدگی سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال زیرِ غور آئے گی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ آج ہونے والے اس اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کا ادارہ جاتی اور عملی ڈھانچہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے اس کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے اور درست سمت کے تعین کے لیے آئندہ چند ماہ تک باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
یہ دفاعی معاہدہ رواں سال اگست میں طے پایا تھا جس کے تحت تینوں رکن ممالک نے کسی ایک ملک پر حملے کی صورت میں مشترکہ دفاع اور مدد فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔ ترکیہ کی جانب سے توثیق کے بعد رکنیت کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اتحاد کے مرکزی فورم ’اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی‘ میں وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان شامل ہیں، جبکہ ریاض میں قائم مستقل سیکریٹریٹ کے پہلے سیکریٹری جنرل پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو تین سال کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
غیر ملکی وفود کی آمد اور اجلاس کے پیشِ نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم لازمی سروسز کے ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 28 نومبر کی شب 12 بج کر 30 منٹ تک ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سرینہ ہوٹل، نادرا چوک، ایوب چوک اور ایکسپریس چوک عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گے جبکہ ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ڈائیورژن لگائی جائے گی۔ شہریوں کو ریڈ زون جانے کے لیے مارگلہ روڈ استعمال کرنے اور سفر کے لیے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔







