چارسدہ میں سٹی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران گھر میں چوری کی واردات میں ملوث گروہ کے چار ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں تین خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے تحت عمل میں لائی گئی۔ ڈی ایس پی سٹی نصراللہ خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی بسم اللہ جان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر ملزمان کو گرفتار کیا۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 3 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کا سامان اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس گروہ کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔







