گورنمنٹ کالج پڑانگ چارسدہ میں صوبائی محتسب خیبرپختونخوا رباب مہدی کی زیر صدارت ایک کھلی کچہری اور خواتین کے قانونی حقوق سے متعلق آگاہی سیشن منعقد ہوا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ رفعت اللہ خان، ڈپٹی کمشنر منصور ارشد، اسسٹنٹ کمشنرز، مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس سرگرمی کا بنیادی مقصد عوامی مسائل کا فوری ازالہ کرنا، خواتین کو ان کے قانونی حقوق سے روشناس کرانا اور سرکاری اداروں تک شہریوں کی براہ راست رسائی کو یقینی بنانا تھا۔ سیشن کے دوران کام کی جگہوں پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے اور جائیداد میں ان کے شرعی و قانونی حقوق کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔







