نئی دہلی: بھارت کے معروف منرل واٹر برانڈ بسلیری کا پانی سرکاری سیفٹی ٹیسٹ میں غیر معیاری ثابت ہوا ہے، جس کے نمونوں میں انسانی صحت کے لیے مضر کیمیکلز کی موجودگی سامنے آئی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست گوا میں واقع بسلیری کے پلانٹ سے لیے گئے پانی کے نمونے میں برومیٹ نامی کیمیکل کی مقدار مقررہ معیار سے زیادہ پائی گئی۔ اس کے علاوہ بھارتی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی کی جانب سے کیے گئے ایک اور تجزیے میں بھی بسلیری کے پانی میں ایک دیگر ممکنہ نقصان دہ کیمیکل کی نشاندہی ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جانچ کے دوران پانی میں برومیٹ کی شرح 12 مائیکروگرام فی لیٹر ریکارڈ کی گئی، حالانکہ اس کی قانونی حد 10 مائیکروگرام فی لیٹر مقرر ہے۔ ماہرینِ صحت نے پانی میں پائے جانے والے اس کیمیکل کو کینسر کے ممکنہ خطرے کا باعث قرار دیا ہے۔ سرکاری ٹیسٹ کے ان نتائج کے سامنے آنے کے بعد بھارت کی لگ بھگ 3.6 ارب ڈالر مالیت کی بوتل بند پانی کی صنعت میں صارفین کی صحت اور تحفظ کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔







