ایکواڈور میں دو امریکی شہریوں نے زمین سے 20 ہزار 593 فٹ کی بلندی پر شطرنج کھیل کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 32 سالہ ایڈم وائننگر اور 44 سالہ جوشوا ہوسٹ نے 31 مارچ 2026 کو ایکواڈور کے بلند ترین پہاڑ چمبورازو کی چوٹی پر شطرنج کا مقابلہ کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ دونوں نے سب سے زیادہ بلندی پر بورڈ گیم کھیلنے کا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔
اس منفرد مہم کے دوران دونوں دوستوں کو ذہنی صلاحیتوں کے ساتھ جسمانی برداشت کا بھی سخت امتحان دینا پڑا۔ پہاڑ کی بلندی پر آکسیجن کی کمی، شدید سردی اور خراب موسمی حالات نے شطرنج کا مقابلہ مزید مشکل بنا دیا۔
ایڈم وائننگر نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شطرنج ان کا پسندیدہ کھیل ہے اور پہاڑ کی چوٹی پر یہ کھیل کھیلنا ان کے لیے ناقابلِ فراموش تجربہ ثابت ہوا۔
ان کے مطابق دونوں دوستوں نے اس مہم کی تیاری کے لیے مختلف مقامات پر شطرنج کھیلی اور پہاڑوں پر چڑھنے کی متعدد مہمات میں بھی حصہ لیا تاکہ اس چیلنج کا کامیابی سے سامنا کرسکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی شہری ٹم ما اور نیل لافٹن نے 17 ستمبر 2024 کو نیپال کے پہاڑ پوتھا ہنچولی پر 20 ہزار 393 فٹ کی بلندی پر شطرنج کھیل کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، جسے اب امریکی شہریوں نے بہتر بنا دیا ہے۔







