کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلیٰ سطح پر کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات اور ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) وسیم شمشاد کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا، جبکہ متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت عمارت گرنے کے واقعے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی ایس بی سی اے وسیم شمشاد کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی حکومت کو وسیم شمشاد کی معطلی اور ان کے خلاف انکوائری کی سفارش بھی کی گئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے عمارت کے مالک اور بلڈر کو گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدوں سے ہٹانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ تحقیقات کے دوران اگر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی ملازم ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔







