پشاور میں مشیر برائے صحت خیبرپختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نگار جوہر نے سیکرٹری صحت کے ہمراہ "ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ” (HISDU) کے مرکز کا دورہ کیا اور محکمہ صحت میں جاری ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبوں اور ورکنگ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نگار جوہر نے کہا کہ KP-HISDU ڈیجیٹل گورننس کو مضبوط بنا کر اور ادارہ جاتی، تجزیاتی و سروس ڈیلیوری کی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے محکمہ صحت کی بھرپور معاونت کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس یونٹ کے بنیادی فرائض میں محفوظ اور باہم مربوط ڈیجیٹل نظاموں کی تشکیل، کارکردگی کی نگرانی اور شواہد پر مبنی فیصلوں کی رہنمائی کے لیے بروقت ڈیٹا کی فراہمی سمیت انتظامی، افرادی قوت اور طبی خدمات کے بنیادی عمل کو جدید ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا شامل ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نگار جوہر نے کہا کہ اس اہم اقدام سے صوبے میں صحت کے ڈیٹا کا ایک مربوط ایکوسسٹم تشکیل پائے گا، جس کی بدولت گورننس مزید شفاف اور مؤثر ہوگی، کام کے دوہراؤ اور انتظامی اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ شواہد اور پیش گوئی پر مبنی تجزیات (پریڈکٹو اینالیٹکس) کا بہتر استعمال ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈز اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ جیسے جدید ٹولز متعارف کرانے کا بنیادی مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا ہے، جبکہ کاغذی کارروائی سے پاک (پیپرلیس) نظام ماحولیاتی پائیداری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 18 مختلف ماڈیولز پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، جن کا مقصد محکمہ صحت کے تمام شعبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا اور خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے زیادہ قابلِ اعتماد اور فوری ردعمل دینے والی طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔







