پشاور میں ضلع بھر کی ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹیوں (ڈی آر سیز) کے سیکریٹریز کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس انعقاد پذیر ہوا، جس کی صدارت کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن بھی موجود تھے، جہاں عوامی خدمت اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔اجلاس کے دوران سی سی پی او نے تمام ڈی آر سیز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور زیر التواء درخواستوں اور کیسز کی مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے سیکریٹریز کو واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام درخواستوں کے فریقین کو طلب کرکے پختون روایات، باہمی رضامندی اور خوش اسلوبی سے تنازعات حل کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو بلا تاخیر انصاف میسر آ سکے۔ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ڈی آر سیز کے چیئرمینوں اور سیکریٹریز کی اب تک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پختون روایات کے مطابق تنازعات کے حل میں ان کمیٹیوں نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی اعتماد پر پورا اتریں، انصاف پر مبنی فیصلے یقینی بنائیں اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر سے گریز کریں۔





