امریکی فوجی اڈے فورٹ ہُڈ میں فائرنگ کرکے 13 افراد کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت پانے والے سابق امریکی میجر نضال حسن نے سزا پر عمل درآمد رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نضال حسن کی درخواست پر عدالت آج سماعت کرے گی۔ ان کی سزائے موت پر عمل درآمد ممکنہ طور پر رواں برس 3 دسمبر کو کیا جانا ہے۔
امریکی فوج کے سرکاری اعلان کے مطابق نضال حسن کو 3 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ ہُڈ میں فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جائے گی۔
نضال حسن اس وقت ریاست کینساس کے فوجی اڈے فورٹ لیون ورتھ میں قید ہیں۔ امریکی قانون کے تحت کسی قیدی کو سزائے موت کی تاریخ اور طریقہ کار سے آگاہ کیے جانے کے بعد اپنی سزا اور قید کو عدالت میں چیلنج کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔ اس قانونی کارروائی کو ’ہیبیئس کارپس‘ کہا جاتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق نضال حسن نے گزشتہ روز عدالت میں درخواست دائر کی، جس میں انہوں نے سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی سزا کو قانونی طور پر چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی وفاقی جج انتھونی میٹیوی نے ان کی درخواست بدھ کو سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔ اگر عدالت نے سزا پر عمل درآمد روکنے کا حکم دیا تو یہ کارروائی کئی ماہ یا برسوں کے لیے مؤخر ہوسکتی ہے۔
ٹرمپ نے فائرنگ اسکواڈ سے سزا کی منظوری دی تھی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس اکتوبر میں نضال حسن کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دینے کی منظوری دی تھی۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے بھی اعلان کیا تھا کہ سزائے موت کی کارروائی براہ راست نشر کی جائے گی، تاہم اس اعلان پر شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد صدر ٹرمپ نے نشریات کا منصوبہ ختم کردیا تھا۔
نضال حسن کون ہیں؟
نضال حسن 8 ستمبر 1970 کو امریکی ریاست ورجینیا کے شہر آرلنگٹن کاؤنٹی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین فلسطینی نژاد تھے اور امریکا ہجرت کرکے آئے تھے۔
انہوں نے 1988 میں ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد امریکی فوج میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی۔ ابتدائی تین سال فوج میں خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے تعلیم جاری رکھی اور 1997 میں فوجی افسر بن گئے۔
بعد ازاں انہوں نے فوجی میڈیکل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور امریکی فوج میں ماہر نفسیات کے طور پر خدمات انجام دینے لگے۔
فورٹ ہُڈ فوجی اڈے پر 13 افراد کا قتل
2009 میں نضال حسن نے ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ ہُڈ کے ایک طبی مرکز میں فائرنگ کرکے 13 افراد کو قتل کردیا تھا۔
ملٹری پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد مفلوج ہوگئے۔ 2013 میں فوجی عدالت کی جیوری نے انہیں پہلے سے منصوبہ بندی کرکے 13 افراد کے قتل کا مجرم قرار دیا اور سزائے موت سنائی۔
سزائے موت رکنے کی کیا مثال موجود ہے؟
رائٹرز کے مطابق امریکی فوج میں اس وقت چار افراد سزائے موت کے منتظر ہیں۔ نضال حسن کے علاوہ ان میں صرف ایک شخص رونالڈ گرے ایسا تھا جس کی سزا کی امریکی صدر نے منظوری دی اور اس پر عمل درآمد کی تاریخ بھی مقرر ہوئی۔
رونالڈ گرے کو دسمبر 2008 میں سزائے موت دی جانی تھی، تاہم عدالت میں درخواست دائر ہونے کے بعد ایک جج نے ان کی سزا پر عمل درآمد غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق نضال حسن نے بھی اسی قانونی راستے کو اختیار کرتے ہوئے اپنی سزائے موت رکوانے کی کوشش کی ہے۔
طالبان قیادت کا دفاع کرنا چاہتے تھے
نضال حسن نے اپنے فوجی مقدمے میں وکیل کی خدمات لینے کے بجائے خود اپنا دفاع کیا تھا۔
رائٹرز کی 2013 کی رپورٹ کے مطابق وہ عدالت میں یہ مؤقف پیش کرنا چاہتے تھے کہ افغانستان میں امریکی فوج کی کارروائیاں غیر قانونی تھیں اور فورٹ ہُڈ میں تعینات فوجی افغانستان بھیجے جانے کی صورت میں طالبان قیادت کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ طالبان رہنما ملا محمد عمر سمیت طالبان قیادت کا دفاع کرنا چاہتے تھے۔
تاہم فوجی عدالت کی جج نے انہیں یہ مؤقف پیش کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ جج کے مطابق اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں تھا کہ فورٹ ہُڈ میں تعینات امریکی فوجیوں سے افغانستان میں طالبان قیادت کو فوری خطرہ لاحق تھا۔
نضال حسن نے آئینی حقوق کی خلاف ورزی کا مؤقف اپنالیا
گزشتہ روز دائر کی گئی درخواست میں نضال حسن نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کی جانب سے انہیں اپنا دفاع پیش کرنے سے روکنا ان کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی تھی۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے سزائے موت کی تاریخ مقرر کرتے وقت فوجی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ ان کے مطابق سزا کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کا اعلان بھی فوجی قواعد کے منافی تھا۔
امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کے ریاست کینساس سے تعلق رکھنے والے وکلا نے نضال حسن کی جانب سے سزا روکنے کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست کے مطابق وہ اس مقدمے میں بھی اپنا دفاع خود کریں گے۔
اے سی ایل یو کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینا آرکینو نے کہا کہ فورٹ ہُڈ حملے میں ہونے والا تشدد ناقابل تصور اور انتہائی تکلیف دہ تھا، تاہم حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اصولوں کی پابندی کرے جن پر امریکی نظام انصاف قائم ہے۔
واضح رہے کہ فورٹ ہُڈ حملے کے بعد نضال حسن کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا تھا اور 2013 میں انہیں 13 افراد کے قتل کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی گئی تھی۔
رائٹرز کے مطابق امریکی فوج نے 1961 کے بعد سے کسی فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے شخص کی سزا پر عمل درآمد نہیں کیا۔ اگر نضال حسن کی سزا پر عمل درآمد ہوتا ہے تو وہ 1945 کے بعد امریکی فوج کی جانب سے فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت پانے والے پہلے شخص ہوں گے۔







