پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے راولپنڈیز نے آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو براہ راست اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 31 سالہ آسٹریلوی کرکٹر کو 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں سائن کیا گیا ہے۔ میتھیو شارٹ جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ آف اسپن بولنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
میتھیو شارٹ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی قیادت کرتے ہیں۔ وہ مسلسل دو سیزنز، بی بی ایل 12 اور بی بی ایل 13 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلوی آل راؤنڈر نے بی بی ایل کے 95 میچز میں 141.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2466 رنز بنائے ہیں۔ ان کی اننگز میں دو سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں، جبکہ وہ 38 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔
راولپنڈیز کے کوچ کا میتھیو شارٹ پر اعتماد
راولپنڈیز کے ہیڈ کوچ ایڈم ووگس کا کہنا ہے کہ میتھیو شارٹ ٹیم کے جارحانہ کھیل کے انداز سے مکمل مطابقت رکھتے ہیں۔
ان کے مطابق آسٹریلوی آل راؤنڈر ابتدائی اوورز میں حریف ٹیم کے بولرز پر دباؤ ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو ٹیم کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔
پی ایس ایل میں میتھیو شارٹ کا ڈیبیو
واضح رہے کہ میتھیو شارٹ کو 2025 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اپنی ٹیم میں منتخب کیا تھا، تاہم وہ پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
اب آسٹریلوی آل راؤنڈر راولپنڈیز کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔







