لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے نظر بندی کے قانون (ایم پی او) کی دفعات 3 اور 16 کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت سے معذرت کرلی، جس کے بعد مقدمے کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے چوہدری اعجاز شفیع کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کی۔ اس موقع پر جسٹس امجد پرویز نے ذاتی وجوہات کی بنا پر مقدمہ سننے سے معذرت ظاہر کی۔
بینچ نے کیس کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کرتے ہوئے سفارش کی کہ اپیل کسی دوسرے بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔
درخواست گزار نے اپنی اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایم پی او قانون میں شہریوں کی شخصی آزادی سلب کرنے کے خلاف مؤثر قانونی تحفظات موجود نہیں ہیں۔ درخواست کے مطابق حفاظتی حراست کو فوجداری انصاف کے متبادل کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا اور شواہد یا معقول وجوہات کے بغیر کسی شہری کی آزادی محدود کرنا درست نہیں۔
اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم پی او کی دفعہ 16 کے تحت اظہارِ رائے پر عائد وسیع پابندیاں آئین سے متصادم ہیں۔ درخواست گزار نے قانون میں استعمال ہونے والی اصطلاحات، جن میں خوف یا الارم پیدا کرنے اور عوامی نظم کیلئے نقصان دہ سرگرمیوں کا ذکر ہے، کے قانونی معیار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
درخواست میں یہ مؤقف بھی اپنایا گیا ہے کہ سیکرٹری قانون نے فل بینچ کے فیصلے کی روشنی میں ضروری قانون سازی کیلئے اقدامات نہیں کیے۔
درخواست گزار نے عدالت سے آزادیِ اظہار، آزادیِ نقل و حرکت اور شخصی آزادی سمیت آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کے تحفظ کی استدعا کی ہے۔
اپیل میں لاہور ہائیکورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ ایم پی او قانون کی دفعات 3 اور 16 کو بنیادی حقوق سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔







