پشاور: انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی نئی عمارت کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
دورے کے دوران آئی جی پولیس نے سی ٹی ڈی کی زیر تعمیر عمارت میں جاری تعمیراتی اور مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ڈی جی پی سی یو نثار احمد تنولی، کمانڈنٹ ایف آر پی رضوان منظور، ڈائریکٹر پی سی یو اور سی ٹی ڈی کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی پی سی یو نثار احمد تنولی نے آئی جی پولیس کو عمارت میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور کام کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
حکام نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور عالمی معیار کے مطابق تیار کیے گئے نقشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار اور پیش رفت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیر و مرمت کے تمام مراحل مقررہ معیار اور پیشہ ورانہ تقاضوں کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کام کی رفتار مزید تیز کرنے کے ساتھ دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عمارت کو جلد از جلد قابل استعمال بنایا جاسکے۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے مختلف شعبہ جات کی استعداد کار میں اضافہ، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔







