عمان: عالمی سنوکر کپ میں پاکستان کے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے بھارتی حریف کو شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی، جبکہ ایونٹ میں شریک تینوں پاکستانی کھلاڑی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
عمان میں جاری عالمی سنوکر کپ کے دوسرے روز پاکستانی کیوئسٹس محمد آصف، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔
سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے پہلے مقابلے میں بنگلہ دیش کے نظام الدین احمد کو شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں بھارتی کھلاڑی ملکیت سنگھ کو صفر کے مقابلے میں تین فریم سے ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
ایونٹ کے ایک اور مقابلے میں پاکستانی کیوئسٹ رانا عارف کا سامنا بھارتی کھلاڑی دھیتا مہرہ سے ہوا، جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم وہ اس کے باوجود ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
اس طرح عالمی سنوکر کپ میں پاکستان کے تینوں کھلاڑی محمد آصف، اسجد اقبال اور مبشر رضا اگلے مرحلے میں پہنچ گئے۔







