**عجمان:** آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سپر سکسز مرحلے میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد سری لنکا کے ہاتھوں 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ایونٹ کے ساتویں میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے اور پاکستان کو کامیابی کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی جانب سے امیشا دولانی نے نمایاں بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 56 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ وشمی گونارتنے نے 30 جبکہ سنجنا کاوندی نے 16 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے امِ حانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 17 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ طوبیٰ حسن اور نشرا سندھو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی 3 وکٹیں صرف 16 رنز پر گر گئیں۔ گل فیروزہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں، شوال ذوالفقار نے 4 جبکہ کپتان منیبہ علی نے 7 رنز بنائے۔
عمائمہ سہیل نے 37 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، جبکہ طوبیٰ حسن نے 18 گیندوں پر 24 رنز اسکور کیے۔
میچ کے آخری اوورز میں تاسمیہ رباب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 11 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں، تاہم ان کی یہ کوشش پاکستان کو فتح دلانے کے لیے کافی ثابت نہ ہوئی۔
پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی اور یوں اسے 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سری لنکا کی جانب سے ستیہ سندیپانی نے 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سوگندیکا کماری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ملکی مادارا اور نیلکشیکا سلوا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی امیشا دولانی کو 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے گزشتہ روز اسی ٹورنامنٹ میں اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس مقابلے میں گل فیروزہ اور کپتان منیبہ علی نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔







