**(ویب ڈیسک)** پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے کرکٹرز نے تجربہ کار حریف کے مقابلے میں میچ ونر پرفارمنس دکھائی۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، جبکہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے بھی نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہیڈ کوچ کے مطابق آئندہ ہوم سیریز میں بھی ایسی پچز تیار کی جائیں گی جو کھلاڑیوں کو بیرون ملک مختلف کنڈیشنز کے لیے تیار کرنے میں مدد دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سیم اور سوئنگ کے لیے سازگار وکٹیں ملتی ہیں، اس لیے ان حالات کے مطابق تیاری ضروری ہے۔
مائیک ہیسن نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ثاقب خان کی عدم موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس اہم بولر کی کمی محسوس ہوئی، کیونکہ وہ پاکستان کے ٹیسٹ بولنگ اٹیک میں ایک اچھا اضافہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ثاقب خان کی غیر موجودگی کے باوجود باقی بولرز نے سری لنکا کی پوری ٹیم کو دوسری اننگز میں آؤٹ کیا، جس پر انہیں اپنے بولرز پر فخر ہے۔
پاکستانی ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ رضااللہ کی رفتار، عامر جمال کی سیم موومنٹ، محمد عباس کی درست لائن و لینتھ اور ثاقب خان کی سوئنگ مل کر ایک مؤثر بولنگ اٹیک بناتے ہیں۔
بیٹنگ کے حوالے سے مائیک ہیسن نے بتایا کہ پہلے ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کا موقع ملنے پر طیب عارف اور طحہٰ نے نئی گیند کا اچھے انداز میں سامنا کیا، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں اذان اویس نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے سلمان علی آغا کو ٹیم کا اہم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے محمد سلیمان، سعد بیگ، سمیر منہاس اور علی شبیر کی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
مائیک ہیسن کے مطابق علی شبیر تیز رفتار بولر ہیں اور ریورس سوئنگ کرانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے پاس اس وقت کھلاڑیوں کے اچھے متبادل موجود ہیں۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر ابرار احمد اور علی عثمان کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے، جبکہ ساجد خان بھی اچھے اسپنر ہیں اور بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے خلاف مؤثر بولنگ کرتے ہیں۔






