آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں پرانی خفیہ سرنگیں دریافت ہوگئیں

 

استنبول کی تاریخی عمارت آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں سے موجود خفیہ سرنگوں اور زیرزمین راستوں کی موجودگی سے متعلق افواہیں حقیقت میں بدل گئی ہیں۔ ماہرین آثار قدیمہ نے عمارت کے نیچے متعدد سرنگیں، تہہ خانے، پانی کی گزرگاہیں اور ایک قدیم مقبرہ دریافت کرلیا ہے۔

آیا صوفیہ دنیا کی معروف تاریخی عمارتوں میں شمار ہوتی ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں بھی شامل ہے۔ یہ عمارت مسیحی بازنطینی سلطنت اور مسلمان سلطنت عثمانیہ دونوں کے لیے تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔

تاریخی طور پر آیا صوفیہ کو 537 عیسوی میں بازنطینی دور میں گرجا گھر کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ بعد ازاں 15ویں صدی کے وسط میں سلطنت عثمانیہ کی جانب سے استنبول فتح کیے جانے کے بعد اسے مسجد میں تبدیل کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اس تاریخی عمارت کے نیچے تقریباً ڈیڑھ ہزار سال سے خفیہ سرنگوں اور زیرزمین راستوں کی موجودگی کے بارے میں مختلف روایات اور افواہیں گردش کرتی رہی ہیں، تاہم اب ماہرین کی دریافتوں نے ان دعوؤں کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔

فروری 2025 سے جاری تحقیق اور بحالی کے کام کے دوران اب تک آیا صوفیہ کے نیچے 9 سرنگیں دریافت کی جاچکی ہیں۔ ان کے علاوہ پانی کی گزرگاہیں، گنبد نما کمرے اور ایک قدیم مقبرہ بھی سامنے آیا ہے۔

ماہرین اب تک تقریباً 420 میٹر طویل سرنگوں کی صفائی مکمل کرچکے ہیں، تاہم ان کا خیال ہے کہ زیرزمین راستوں کا یہ نیٹ ورک کئی کلومیٹر تک پھیلا ہوسکتا ہے۔

دریافت ہونے والی سرنگوں میں سب سے طویل راستہ 180 میٹر لمبا ہے۔ ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر یہ سرنگ پانچویں صدی عیسوی کی ایک قدیم رومی سڑک سے جا ملتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آیا صوفیہ کی مرکزی عمارت 537 عیسوی میں تعمیر ہوئی تھی، لیکن اس کے نیچے دریافت ہونے والے بعض آثار اس عمارت سے بھی زیادہ قدیم معلوم ہوتے ہیں۔

تاریخی مقام کی بحالی کے تین سالہ منصوبے کے تحت زیرزمین حصوں سے اب تک تقریباً 3 ہزار ٹن ملبہ نکالا جاچکا ہے۔ ماہرین آثار قدیمہ جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً تھری ڈی لیزر اسکیننگ کے ذریعے ان سرنگوں اور راستوں کی تفصیلی نقشہ سازی کررہے ہیں۔

ایک ترک ٹی وی چینل نے پہلی مرتبہ ان زیرزمین راستوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جو صدیوں سے زمین کے نیچے موجود تھے۔

دوسری جانب ترک حکومت مستقبل میں ان میں سے بعض سرنگوں اور زیرزمین راستوں کو سیاحوں کے لیے کھولنے کے امکان پر بھی غور کررہی ہے، جس کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed