ورکرز ویلفیئر بورڈ ایمپلائز یونین سی بی اے نے مطالبہ کیا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا کے کسی بھی ملازم کو ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے اور ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے شفاف طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے نئی سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ یونین کے مرکزی چیف آرگنائزر شاہ ذوالقرنین اور ایجوکیشن ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر یونس مروت نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ایڈوائزر فار لیبر عامر جاوید سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر 250 ملازمین کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائیں۔ورکرز ویلفیئر بورڈ ایمپلائز یونین سی بی اے کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں ملازمین کی ریگولرائزیشن کا معاملہ دیکھا جانا چاہیے، جہاں عدالت عالیہ نے 5 ٹی او آرز کے تحت جانچ پڑتال کی ہدایت کی تھی نہ کہ برطرفی کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سابقہ سکروٹنی کمیٹی کے کچھ ارکان کو اعتماد میں لیے بغیر رپورٹ مرتب کر کے گزشتہ 15 سال سے خدمات انجام دینے والے تمام 250 ملازمین کو متاثر کر دیا گیا۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سابقہ رپورٹ کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے بااعتماد نئی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ فیصلے میرٹ اور انصاف کے مطابق کیے جا سکیں۔







