(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ریاض میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات، بالخصوص فوجی اور دفاعی امور، زیر بحث آئے۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جولائی میں یمن کے حوثیوں کے ساتھ دوبارہ کشیدگی شروع ہونے کے بعد ایڈمرل بریڈ کوپر کا یہ سعودی عرب کا تیسرا عوامی طور پر رپورٹ ہونے والا دورہ ہے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جولائی سے کشیدگی جاری ہے۔ اس تناظر میں امریکی سینٹ کام سربراہ اور سعودی قیادت کے درمیان رابطے میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔







