بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو ناخوشگوار قرار دیتے ہوئے ان کے رویے پر سوالات اٹھا دیے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیا مرزا نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے نواز الدین صدیقی کو ٹیگ کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو ’ڈراؤنا خواب‘ قرار دیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ نواز الدین صدیقی کے ساتھ کام کرنا ایک ڈراؤنا خواب ہے۔ ان کے بقول اداکار کو بات کرنے کی تمیز نہیں اور ان کا رویہ بھی انتہائی نامناسب ہے۔
دیا مرزا کی یہ پوسٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جانے لگے۔
بعض صارفین نے اداکارہ کے بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا واقعی ان کا نواز الدین صدیقی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اتنا خراب رہا ہے؟
دوسری جانب کچھ صارفین نے اس معاملے کو ممکنہ تشہیری مہم قرار دیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ سب کسی تشہیری حکمت عملی کا حصہ ہوسکتا ہے۔
ایک اور صارف نے نواز الدین صدیقی کے رویے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی احترام سے پیش آتے ہیں، جبکہ دیا مرزا بھی اچھی شخصیت کی مالک ہیں۔ صارف کے مطابق ممکن ہے کہ یہ کسی نئے منصوبے کی تشہیر ہو۔
رپورٹ کے مطابق دیا مرزا نے بھی مذکورہ صارف کے تبصرے کو پسند کیا، جس کے بعد ان کی پوسٹ کے تشہیری مہم ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوگیا۔







