بینکرافٹ کے سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملے سے صرف چند کھلاڑی نہیں بلکہ پوری ٹیم واقف تھی۔

بینکرافٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ہونے والے اس واقعے میں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی صورتحال کا علم تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران انہوں نے مکمل حقائق بیان نہیں کیے تھے اور ٹیم کے دوسرے ارکان کو مشکلات سے بچانے کے لیے بعض اہم تفصیلات چھپائی تھیں۔

اپنے بیان میں بینکرافٹ نے بتایا کہ جنوبی افریقا کے خلاف پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز چائے کے وقفے کے دوران ڈریسنگ روم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کی تجویز زیر بحث آئی تھی۔

ان کا دعویٰ ہے کہ یہ تجویز ڈیوڈ وارنر نے پیش کی تھی، جبکہ اس وقت آسٹریلوی ٹیم کے کوچ ڈیوڈ سیکر اور ڈیرن لی مین بھی اس گفتگو میں موجود تھے۔ بینکرافٹ کے مطابق اسٹیو اسمتھ نے خود کو اس معاملے سے الگ رکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور انہوں نے ٹیم کے مفاد میں یہ کام قبول کرلیا تھا۔

بینکرافٹ نے مزید دعویٰ کیا کہ میچ کے دوران پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش سمیت دیگر کھلاڑی گیند کی حرکت کے حوالے سے ان سے گفتگو کرتے اور اپنی رائے دیتے رہے تھے۔

ان کے مطابق یہی طریقہ کار کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بھی جاری رہا، جہاں ٹی وی کیمروں نے انہیں گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ہونے والی ٹیم میٹنگ میں کسی کھلاڑی نے اس معاملے سے لاعلمی ظاہر نہیں کی تھی، تاہم بعد میں اس کی تمام تر ذمہ داری چند کھلاڑیوں تک محدود کردی گئی۔

بینکرافٹ نے آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی حالیہ پریس کانفرنس پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں عوام کے سامنے جو مؤقف پیش کیا گیا، وہ ان کے ذاتی تجربات اور واقعے سے متعلق معلومات سے مطابقت نہیں رکھتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے مجوزہ آزاد فورم میں شرکت کریں گے تاکہ آٹھ سال بعد اس تنازع کے تمام حقائق سامنے لائے جاسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed