محمد اورنگزیب کی سنگاپور کے نائب وزیراعظم سے ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سنگاپور کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے توانائی، تجارت و صنعت گن کم یونگ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سنگاپور کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل بہتری آ رہی ہے اور اعلیٰ سطح پر روابط میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے سنگاپور کو 2027 میں آسیان کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی صدارت سنبھالنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پیش رفت سے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان تعاون کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے فنانس، مصنوعی ذہانت، فن ٹیک، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستانی غذائی اور زرعی مصنوعات کو سنگاپور کی منڈیوں تک رسائی دینے اور باہمی تجارت میں اضافے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ملاقات میں سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق بھی موجود تھیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2026 میں شرکت کے لیے سنگاپور کے دورے پر ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed