ماں کی خاطر پانچ بہن بھائیوں نے پہاڑی پر 430 زینے بنا دیے

چین میں پانچ بہن بھائیوں نے اپنی معمر ماں کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ان کے آبائی گھر تک پہنچنے کے لیے پہاڑی پر 430 زینوں پر مشتمل راستہ تعمیر کر دیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبے ژی جیانگ کے گاؤں یاننان میں پیش آیا، جہاں 86 سالہ خاتون اپنے پہاڑی گھر میں رہائش پذیر ہیں۔ ان کے تین بیٹوں اور دو بیٹیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ راستہ تیار کیا۔

معمر خاتون کی سب سے چھوٹی بیٹی، 58 سالہ ہوانگ زاؤلین نے بتایا کہ وہ اور ان کے بہن بھائی پہاڑی کی چوٹی پر واقع اسی گھر میں پیدا ہوئے اور وہیں ان کی پرورش ہوئی۔ ان کے والد کو دنیا سے رخصت ہوئے کئی دہائیاں گزر چکی ہیں اور اس دوران بچوں نے اپنی والدہ کو مختلف قصبوں میں اپنے ساتھ رکھنے کی کوشش کی۔

تاہم ان کی والدہ نے اپنی پوری زندگی پہاڑی پر واقع آبائی گھر میں گزاری تھی اور انہیں شہری زندگی پسند نہیں تھی۔ وہ بچوں کے ساتھ مختلف مقامات پر گئیں، لیکن کچھ عرصے بعد ہمیشہ واپس اپنے پرانے گھر لوٹ آتی تھیں۔

وقت گزرنے کے ساتھ گھر تک پہنچنے والا پرانا راستہ خستہ حال ہو گیا تھا، جبکہ اس علاقے میں اکثر سانپ بھی دکھائی دیتے تھے۔ اس صورت حال کے باعث بچوں کو اپنی والدہ کی حفاظت اور آمدورفت کے حوالے سے تشویش رہتی تھی۔

ہوانگ زاؤلین نے سب سے پہلے اپنی والدہ کے لیے نیا راستہ بنانے کی تجویز پیش کی۔ ابتدا میں صرف ان کی ایک بہن نے اس خیال کی حمایت کی، تاہم ہوانگ زاؤلین اپنے فیصلے پر قائم رہیں اور رفتہ رفتہ ان کے بھائی بھی اس منصوبے میں شامل ہوگئے۔

پانچوں بہن بھائیوں نے اگست 2026 میں پہاڑی کی جنوبی سمت ایک نیا راستہ تعمیر کرنے کا کام شروع کیا۔ یہ راستہ کئی برس سے استعمال نہیں ہو رہا تھا۔ انہوں نے منصوبے کے اخراجات خود برداشت کیے اور مزدوروں کی خدمات حاصل کرنے کے بجائے تعمیراتی کام اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کیا۔

ہوانگ زاؤلین کو تعمیراتی سامان خریدنے اور روزانہ کام کی جگہ کا جائزہ لینے کی ذمہ داری دی گئی، جبکہ ان کے بھائیوں اور دو کزنز نے تعمیراتی کام سنبھالا۔ ان کی بہن اور بہنوئی کھانا تیار کرنے کے علاوہ تعمیراتی اوزار کی دیکھ بھال کرتے رہے۔

پانچوں بہن بھائیوں کے بچوں نے بھی اس منصوبے میں حصہ لیا۔ وہ تعمیراتی سامان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے اور ملبہ صاف کرنے میں مدد فراہم کرتے تھے۔

430 زینوں پر مشتمل یہ راستہ اکتوبر 2026 میں مکمل ہوا۔ تاہم مقامی میڈیا رپورٹ میں اس منصوبے پر آنے والے مجموعی اخراجات کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

ہوانگ زاؤلین کے مطابق یہ زینے الگ سے سیمنٹ ڈال کر نہیں بنائے گئے، بلکہ پہاڑی راستے کو تراش کر اس میں کنکریٹ شامل کیا گیا تاکہ سیڑھیوں کی شکل دی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ پہاڑی کی چوٹی پر زینے بنانا سب سے مشکل مرحلہ تھا، جہاں تعمیراتی کام کے دوران انہیں رسیوں کی مدد سے لٹکنا پڑتا تھا۔ تعمیراتی سامان کو بلندی تک پہنچانا بھی ایک بڑا چیلنج تھا، جس کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔

ہوانگ زاؤلین کا کہنا تھا کہ اس پورے منصوبے کے دوران ان کے جسمانی وزن میں تین کلوگرام کمی واقع ہوئی، جبکہ مسلسل دھوپ میں کام کرنے کے باعث ان کی رنگت بھی متاثر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed