ترکی کے مغربی صوبے مانیسا میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 27 شدید زخمی ہو گئے۔ یہ لرزہ خیز حادثہ سیاحتی شہر بورسا اور ساحلی علاقے ازمیر کے درمیان واقع شاہراہ کے داخلی راستے کے قریب پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں سمیت لاشوں کو فوری طور پر منتقل کیا۔ میڈیا پر سامنے آنے والی تصاوير میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کی شدت سے مسافر بس سڑک کنارے لگی حفاظتی رکاوٹوں کے اوپر چڑھ گئی۔ ترکی کے وزیر داخلہ مصطفیٰ چیفتچی نے ایکس پر اپنے پیغام میں حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود تمام امدادی امور اور صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے بس اور ٹرک دونوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ تاہم پولیس و انتظامیہ نے ابھی تک حادثے کی حتمی وجوہات یا ڈرائیوروں کی طبی حالت سے متعلق مزید تفصيلات جاری نہیں کی ہیں۔







