آسٹریلیا کے ممتاز بیٹر مارنس لبوشین نے ڈربن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران دونوں اننگز میں بالکل ایک جیسے رنز اور گیندیں کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا ایک نایاب اور دلچسپ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لبوشین نے میچ کی پہلی اور دوسری دونوں اننگز میں 58، 58 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 37، 37 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے اعداد و شمار میں کم از کم 20 رنز اور 20 سے زائد گیندیں کھیلنے والے بلے بازوں میں ایسا منفرد واقعہ محض دوسری بار دیکھنے میں آیا ہے۔
اس سے قبل یہ نایاب ریکارڈ بھارت کے سابق وکٹ کیپر بیٹر سید کرمانی کے پاس تھا، جنہوں نے سال 1977-78 کے دوران میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں 62، 62 گیندیں کھیل کر 29، 29 رنز اسکور کیے تھے۔ لبوشین کی اس انوکھی کارکردگی کو کرکٹ کے ماہرین اور مداحوں کی جانب سے خاصی توجہ مل رہی ہے۔







